فرنس آئل ٹینکر خراب، ریسکیو نے بروقت لیکیج بند کردی
60ہزار لیٹر آئل محفوظ، سڑک ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کردی گئی
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ گجرات کے جیمکو چوک کے قریب 60 ہزار لیٹر فرنس آئل سے بھرا آئل ٹینکر خراب ہونے پر ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لیکیج پر قابو پا لیا اور سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پرل پٹرولیم پرائیویٹ لمیٹڈ کا آئل ٹینکر فیصل آباد جا رہا تھا کہ موڑ کاٹتے وقت مشین کا ہک ٹوٹ جانے سے خراب ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے قصبہ گجرات اسٹیشن سے ایمبولینس اور فائر وہیکل روانہ کی جبکہ پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ موقع پر پہنچنے پر تقریباً 200 لیٹر فرنس آئل کے اخراج کا انکشاف ہوا جس پر ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لیکیج بند کر دی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سیف زون قائم کیا اور ٹینکر کی بیٹری کے ٹرمینل منقطع کر دیے ۔ بعدازاں ٹینکر کی مرمت مکمل ہونے پر گاڑی کو روانہ کر دیا گیا جبکہ سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے بعد ٹیم واپس اسٹیشن روانہ ہوگئی۔