سکھر :مہنگی ایل پی جی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز

سکھر :مہنگی ایل پی جی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز

اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ ، دکانوں کا معائنہ، قیمتوں کا جائزہ لیامتعدد کے خلاف کارروائی،وارننگ جاری،ایکشن جاری رہے گا، سارہ فراز

سکھر (بیورو رپورٹ) مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن تیز۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز نے شہر میں مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور رہائشی علاقوں میں قائم ایل پی جی کی دکانوں، گوداموں کا معائنہ کیا اور قیمتوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ، جبکہ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سارہ فراز نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی کاروبار عوام کی جان و مال کے لیے خطرہ ہیں، ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں اور غیر قانونی گیس دکانوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں