منشیات فروشوں کیخلاف محرم کے بعد کریک ڈاؤن ہو گا
نوجوان نسل کے مستقبل کو منشیات کا نا سور دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا : پو لیس حکام
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ایس پی جڑانوالہ اختر علی وینس، ڈی ایس پی ساجد محمود، ایس ایچ او سٹی مظہر کھوکھر اور ایس ایچ او صدر اعجاز احمد دار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ منشیات ایک ایسا ناسور ہے جو نوجوان نسل کے مستقبل، معاشرتی اقدار اور قومی ترقی کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے ، جبکہ جڑانوالہ کو منشیات سے پاک بنانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔پولیس افسروں نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے دشمن ہیں جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ہر سطح پر منشیات کے خاتمے کے لیے متحرک ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں اس سماجی برائی سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تعلیمی اداروں، گلی محلوں اور عوامی مقامات پر منشیات فروخت کرنے والے عناصر فوری طور پر اپنی غیر قانونی سرگرمیاں ترک کر دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس حکام نے اعلان کیا کہ دس محرم الحرام کے بعد تحصیل جڑانوالہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی اور وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔