7 سالہ شکیل کے قتل کا معمہ حل، قریبی رشتہ دار گرفتار
ملزم علی رضا نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے : پو لیس
پینسرہ (نمائندہ دنیا) تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے سات سالہ شکیل کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقتول بچے کا قریبی رشتہ دار ہے اور دورانِ تفتیش اس نے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق دو روز قبل چک نمبر 71 ج ب سرلی سے سات سالہ شکیل پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ اگلے روز بچے کی لاش قریبی زیر تعمیر مکان نما احاطے سے برآمد ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رسی سے گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جدید ٹیکنیکل وسائل، ہیومن انٹیلی جنس اور مسلسل تفتیش کی مدد سے ملزم علی رضا کو گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش پولیس کو مبینہ طور پر معلوم ہوا کہ کھیل کے دوران مقتول بچے کی جانب سے ملزم کی بہن کے بارے میں نازیبا الفاظ کہنے پر ملزم مشتعل ہوا اور بچے کو قریبی مکان میں لے جا کر باتھ روم میں کپڑے والی رسی سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کیا ہے ، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔