ایاز شیرازی کی وزیراعظم سے ملاقات، سجاول کے مسائل پرگفتگو
سجاول (نامہ نگار)رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شاہ شیرازی نے اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ضلع سجاول اور ضلع ٹھٹھہ کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سید ایاز علی شاہ شیرازی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سجاول اور ٹھٹھہ میں پانی کی شدید قلت کے باعث کاشتکار سخت مشکلات کا شکار ہیں جبکہ فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے سے بیشتر زمیندار قرضوں کے بوجھ تلے آگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں اضلاع کے زرعی قرضے معاف یا سود ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سجاول، ٹھٹھہ اور بدین کی ساحلی پٹی حفاظتی بند تعمیر کرکے اسٹون پچنگ کرائی جائے ۔ حیدرآباد،ٹھٹھہ روڈ کو دو رویہ کرنے، وفاقی یونیورسٹی کے قیام اور دیہی علاقوں کیلئے سوئی گیس منصوبوں پرکام شروع کرنے درخواست کی۔