الائیڈ ہسپتال میں پینے کے پانی کا بحران
سرجیکل ایمرجنسی، پیڈز اور فاطمہ وارڈ میں نصب واٹر کولرز کئی روز سے خراب ، مریضوں،تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا ،بحالی کا کام جاری : اے ایم ایس
فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں سے )الائیڈ ہسپتال 2 کے تین بڑے وارڈز میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث سینکڑوں مریض، ان کے لواحقین اور ہسپتال کا عملہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ سرجیکل ایمرجنسی، پیڈز اور فاطمہ وارڈ میں نصب الیکٹرک واٹر کولرز کئی روز سے خراب پڑے ہیں، جس کے باعث شدید گرمی میں صاف پانی کا حصول ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرجیکل ایمرجنسی وارڈ میں ہر وقت بڑی تعداد میں مریض اور ان کے تیماردار موجود رہتے ہیں، تاہم واٹر کولر کی بندش کے باعث انہیں پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔
اسی طرح پیڈز وارڈ کے باہر نصب کولر کی خرابی سے بچوں کے والدین جبکہ فاطمہ وارڈ میں زیر علاج خواتین بھی مشکلات کا شکار ہیں۔متاثرہ لواحقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار وارڈ عملے اور ہسپتال انتظامیہ کو کولرز کی خرابی سے آگاہ کیا، تاہم تاحال مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام خراب واٹر کولرز کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور عارضی طور پر پینے کے پانی کے ڈسپنسرز فراہم کیے جائیں تاکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو مشکلات سے نجات مل سکے ۔دوسری جانب ایڈیشنل ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر محمد علی نے بتایا کہ خراب الیکٹرک کولرز کی مرمت کے لیے تکنیکی عملے کو فوری طلب کر لیا گیا ہے اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور پیڈز وارڈ کے اندر موجود واٹر کولرز کی روزانہ بنیادوں پر جانچ بھی کی جاتی ہے۔