سدھار میں نکاسی آب کا بحران، بازار تالاب بن گیا

سدھار میں نکاسی آب کا بحران، بازار تالاب بن گیا

پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل نمبر 168، چک نمبر 67 ج ب سدھار میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔

شہریوں کے مطابق جھنگ روڈ پر نیو جالندھر سویٹس بازار کے سامنے علی محمد سائزنگ چوک میں عرصہ دراز سے نالہ بند ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں اور بازار میں جمع ہے ، جبکہ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر بھی لگے ہوئے ہیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ مسلسل کھڑے گندے پانی کے باعث بازار کی کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔ کئی مقامات پر پانی اس قدر جمع ہے کہ شہریوں کا گزرنا مشکل ہو چکا ہے ، جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث علاقے میں رہائش بھی دشوار بنتی جا رہی ہے ۔شہریوں نے کہا کہ ایک طرف پنجاب حکومت \"ستھرا پنجاب\" منصوبے کے تحت صفائی ستھرائی کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے ، مگر چک نمبر 67 ج ب سدھار کی موجودہ صورتحال ان دعوؤں کے برعکس دکھائی دیتی ہے ۔

 ان کے مطابق بند نالے ، جمع گندا پانی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر صفائی کے نظام پر سوالیہ نشان ہیں۔متاثرہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، واسا اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے بند نالے کی صفائی، نکاسی آب کا نظام بحال کیا جائے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں