11 جولائی ، قصور میں تحفظِ دینی مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس
مولانا فضل الرحمن خطاب کریں گے ، پٹرول سستا نہ کر نا زیادتی :مولانا صفی اللہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ضلع جھنگ کی مجلسِ عمومی کا اہم اجلاس مدرسہ عبدالرحمن بن عوف میں ضلعی امیر مولانا قاری محمد طارق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے جے یو آئی پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا صفی اللہ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 جولائی کو ضلع قصور (پھول نگر) میں منعقد ہونے والی تحفظِ دینی مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس سے جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن تاریخی خطاب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے ۔ ان کے بقول بجٹ میں امیر طبقے کے مفادات کا تحفظ کیا گیا، جبکہ غریب عوام کو صرف وعدوں پر ٹرخا دیا گیا۔اجلاس سے جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ کے رکن شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے سے خائف نظر آتی ہے ، لہٰذا فوری طور پر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔