کمالیہ میں خستہ حال عمارات کے خلاف کارروائی شروع

کمالیہ میں خستہ حال عمارات کے خلاف کارروائی شروع

خطرناک قرار عمارتوں کے مالکان کو مرمت یا مسماری کے نوٹس جاری

کمالیہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کمالیہ ارم شہزادی اور چیف آفیسر علی رضا کی ہدایت پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خطرناک اور خستہ حال عمارات کے خلاف خصوصی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں بلڈنگ انسپکٹر کی جانب سے شہر بھر میں مختلف خستہ و خطرناک عمارات کا تفصیلی سروے کیا گیا اوراس دوران متعدد عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے مالکان کو فوری مرمت، مضبوطی یا مسماری کے لیے نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے کہا کہ ایسی عمارات جو شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی خستہ حال عمارات کی بروقت مرمت یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔چیف آفیسر علی رضا نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ خطرناک عمارات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے والے مالکان کے خلاف پنجاب لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں