ریسکیو 1122 جھنگ کے زیر اہتمام ہیٹ ویو کیمپس قائم
تربیت یافتہ ریسکیو اہلکاروں اور طبی عملے نے شہریوں کا ابتدائی طبی معائنہ بھی کیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر ریسکیو 1122 جھنگ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سلطان محمود کی نگرانی میں ضلع بھر میں خصوصی میڈیکل اور ہیٹ ویو آگاہی کیمپس قائم کیے ۔ریسکیو 1122 کے مطابق کیمپس کا مقصد شہریوں کو ابتدائی طبی سہولیات کی فراہمی اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے مؤثر آگاہی فراہم کرنا تھا۔کیمپس میں تربیت یافتہ ریسکیو اہلکاروں اور طبی عملے نے شہریوں کا ابتدائی طبی معائنہ کیا، جس میں بلڈ پریشر اور شوگر کی جانچ، معمولی زخمیوں کی مرہم پٹی اور دیگر ابتدائی طبی امداد شامل تھی۔ اس کے علاوہ شہریوں میں ٹھنڈا پانی اور او آر ایس (ORS) بھی تقسیم کیا گیا، جبکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دی گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ شدید گرمی کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی اور دیگر مشروبات استعمال کریں، ہلکے رنگ اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، جبکہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments