تعلیمی اداروں کے مسائل ،اقدامات کیے جائیں:چیمبر آف ایجوکیشن
والدین کے اعتماد کی بحالی اور تنظیم کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کا ایک اہم اجلاس آفیسر کیڈٹ کالج جھنگ میں مرکزی نائب صدر اور آفیسر سکول سسٹم کے سی ای او محمد نوید اقبال ڈھڈی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سید مہدی حسن شاہ، کرنل ریاض بلوچ، مشتاق حسین بلوچ، محمد نواز، عارف نظامی، محمد اجمل خان، دانش جاوید، شیخ محمد ظفر اقبال، مبشر ادریس، محمد ارشد عمران، صاحبزادہ عثمان غنی مدنی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، تعلیمی نظام کی بہتری، طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، تنظیمی امور، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے ، والدین کے اعتماد کی بحالی اور تنظیم کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نوید اقبال ڈھڈی نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے قومی تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کو درپیش انتظامی، مالی اور قانونی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری پابندیوں، پیچیدہ قواعد و ضوابط اور مختلف اداروں کی بلاجواز مداخلت کے باعث تعلیمی ادارے مشکلات کا شکار ہیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جانا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments