پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن، متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے
ملتان ڈویژن بھر میں انسپکشن، زائدالمیعاد اشیاء تلف، ناقص صفائی پر جرمانے
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت خوراک کی روک تھام کے لئے ملتان ڈویژن میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، میٹ شاپس، بیکریز، ڈیری یونٹس اور ہول سیل پوائنٹس کی انسپکشن کی۔ کارروائی کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے ، جبکہ 50کلو زائدالمیعاد اشیاء اور 5 کلو باسی گوشت تلف کر دیا گیا۔ملتان میں مختلف ہوٹلوں کو ایکسپائری اشیاء، کھلے مصالحہ جات کے استعمال، ناقص صفائی، گندے کچن اور واشنگ ایریا، جبکہ میٹ شاپس کو باسی گوشت رکھنے پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈسٹری بیوشن یونٹس کو سٹوریج میں حشرات اور زائدالمیعاد اشیاء کی موجودگی، جبکہ ایک پاپڑ فیکٹری کو غیر معیاری پانی، کیمیکل ڈرموں کے استعمال اور حشرات زدہ مکسچر پر بھی جرمانے عائد کئے گئے ۔خانیوال میں فاسٹ فوڈ پوائنٹس، ڈیری شاپس اور بیکریز کو ورکرز کے ایکسپائر میڈیکل سرٹیفکیٹس، چائنہ نمک، باسی سبزیوں، غیر معیاری بیکری آئٹمز، حشرات زدہ خوراک اور ناقص صفائی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔وہاڑی میں کریانہ سٹورز، میرج ہال اور بیکری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائری اشیاء کی فروخت، چائنہ نمک کے استعمال، کھلے رنگ، فنگس زدہ اجزاء اور ناقص حفظانِ صحت پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ کاروبار سے وابستہ افراد کو حفظانِ صحت کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments