ٹریفک جام معمول ، شہریوں کے چالان مہم پر تحفظات
ٹریفک پولیس اہلکار صبح سے رات گئے تک ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ اور چالان کرتے رہتے ہیں،ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اقدامات نظر نہیں آتے
فیصل آباد (عبدالباسط سے )پاکستان کے تیسرے بڑے اور ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر فیصل آباد میں مین شاہراہوں، چوک چوراہوں، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات پر روزانہ ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے مؤثر اقدامات کے بجائے ٹریفک پولیس کی تمام تر توجہ چالان مہم پر مرکوز دکھائی دیتی ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر کی مختلف مصروف شاہراہوں اور چوکوں، جن میں سمندری روڈ، ڈی ٹائپ پل، کوریاں چوک، مدنی چوک، پائپوں والا پل، رفحان ملز چوک، فیصل ہسپتال چوک، کوہ نور چوک، ڈی گراؤنڈ چوک، کوتوالی چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، نڑ والا چوک، چناب چوک، جھنگ بازار، زرعی یونیورسٹی چوک، گلبرگ چوک اور جناح کالونی چوک سمیت دیگر مقامات شامل ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار صبح سے رات گئے تک ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ اور چالان کرتے رہتے ہیں۔شہریوں کا مؤقف ہے کہ معمولی خلاف ورزیوں پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، جبکہ بعض افراد کا دعویٰ ہے کہ احتجاج یا بحث کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے ، تاہم اس کے باوجود ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جام کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس بلاجواز چالان کرنے کے بجائے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے ، اہم شاہراہوں پر روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے تاکہ روزمرہ آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments