ڈپٹی کمشنر کا ماڈل بازار کا دورہ، بیوٹیفکیشن کاموں کا جائزہ
صفائی، شجرکاری ، شہری سہولیات کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنیکی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے شہر کی خوبصورتی اور جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ماڈل بازار کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی، شجرکاری، گرین بیلٹس، سٹریٹ لائٹس، رنگ و روغن، واک ویز اور دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا جبکہ متعلقہ افسران نے انہیں منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے کام اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور شہری سہولیات میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مستقل دیکھ بھال یقینی بنائیں۔دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments