بڑھتی آباد ی، قومی اتفاق رائے کی ضرورت :چیئرمین سینیٹ

بڑھتی آباد ی، قومی اتفاق رائے کی ضرورت :چیئرمین سینیٹ

ہر سال 67لاکھ افراد کا اضافہ صحت، تعلیم، روزگار، آبی وسائل، ماحولیات پر دباؤ بڑھ رہا جو صوبہ آبادی میں کمی لائیگا ، اسے اضافی مراعات دی جائیں گی ، وزیر صحت

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے آبادی میں تیز رفتار اضافے کو پاکستان کے لیے ایک سنگین قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے اس سے نمٹنے کے لئے قومی اتفاقِ رائے ، مؤثر قانون سازی اور خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ پر زور دیا ہے ۔ورلڈ پاپولیشن ڈے 2026 کے موقع پر منعقدہسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ایک چیلنج ہے ، انہوں نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ صحت، تعلیم، روزگار، آبی وسائل اور ماحولیات پر دباؤ بڑھا رہا ہے ،انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی کو ماں اور بچے کی بہتر صحت، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان اس حوالے سے قانون سازی اور مؤثر نگرانی کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے سیاسی و مذہبی قیادت، سماجی شخصیات اور میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی اور غلط فہمیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آبادی پر کنٹرول ملک کا سب سے اہم مسئلہ بن چکا ہے اور تیزی سے بڑھتی آبادی قومی سلامتی اور معیشت دونوں کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی میں ہر سال تقریباً 67 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے ، جو نیوزی لینڈ کی کل آبادی سے بھی زیادہ ہے ، جبکہ ہر پانچ سال بعد ملک کی آبادی میں آسٹریلیا کے برابر اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، سرکاری ہسپتالوں پر شدید دباؤ ہے ، ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں دورانِ حمل یا زچگی انتقال کر جاتی ہیں، جبکہ روزانہ اوسطاً 1,300 اور سالانہ تقریباً 4 لاکھ بچے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ حکومت نے مانع حمل ادویات پر عائد 18 فیصد ٹیکس ختم کر دیا ہے ، جس سے اندازاً 15 لاکھ بچوں کی پیدائش میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو صوبہ آبادی میں مؤثر کمی لائے گا، اسے 32 فیصد اضافی مراعات دی جائیں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...