صنعتی زون کا تحفظ ملکی معیشت کیلئے ناگزیر،گورنر سندھ
نیشنلائزیشن نے صنعتوں کو نقصان پہنچایا، سائٹ برانڈ ایمبیسیڈر ،نہال ہاشمی سڑکوں کی کھدائی اور بدامنی مسائل پر تشویش،ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
کراچی(کامرس رپورٹر)گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس صنعتی زون نے دنیا بھر میں پاکستان کی صنعتی شناخت قائم کی،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے تحت صنعتی زونز قائم کیے گئے تاکہ کاروباری طبقے کو سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔سائٹ ایسوسی ایشن میں خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ 1960 اور 1970 کی دہائی میں ملک کو ایشین ٹائیگر قرار دیا جا رہا تھا، اس دور میں سائٹ انڈسٹریل ایریا چوبیس گھنٹے فعال رہتا تھا ، 1970 کے بعد قومیانے پالیسیوں نے صنعتوں کو شدید نقصان پہنچایاجس کے نتیجے میں سائٹ کا صنعتی پہیہ سست پڑ گیا ۔ گورنرنے کہا کہ آج سائٹ کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں، کیونکہ یہ ادارہ عالمی سطح پر پاکستان کا برانڈ ایمبیسیڈر ہے ۔ سائٹ کی صنعتوں نے براہ راست6لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا ہے اس لیے اس صنعتی زون کا تحفظ معیشت کیلئے ناگزیر ہے ،بدقسمتی سے مختلف ادارے بغیر منصوبہ بندی کے سڑکیں کھود دیتے ہیں جس سے صنعتکار اور ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ماضی میں صنعتکاروں کو بھتہ خوری جیسے سنگین مسائل کا سامنا رہاجبکہ آج بھی مزدوروں کی تنخواہیں لوٹنے جیسے واقعات تشویشناک ہیں۔ گورنرنے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments