پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی افواہوں پر متعدد پٹرول پمپ بند، شہری پریشان
گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں ،ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، رکشہ ڈرائیور، ٹیکسی مالکان، ڈیلیوری رائیڈرز خوار ہو تے رہے ،مصنوعی قلت پیدا کر نے والوں کی مؤثر نگرانی ضروری ہے : شہری
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات کے پیش نظر فیصل آباد شہر اور گردونواح میں متعدد پٹرول پمپس پر دن بھر فروخت بند یا محدود رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پٹرول کے حصول کیلئے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ صبح سے ہی شہری ایک پٹرول پمپ سے دوسرے پمپ کے چکر لگاتے رہے ۔ ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، رکشہ ڈرائیور، ٹیکسی مالکان، ڈیلیوری رائیڈرز اور دیگر شہری گھنٹوں پٹرول کی تلاش میں خوار ہوتے رہے ۔ چند پٹرول پمپس پر محدود مقدار میں فروخت جاری رہی، شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آتی ہیں، بعض پٹرول پمپ مالکان مبینہ طور پر فروخت محدود یا بند کرکے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں تاکہ نئی قیمتوں کے نفاذ کے بعد زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے ۔ اس کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی ضروری ہے ۔شہریوں نے کہاکہ اس صورتحال کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی بڑے کریک ڈاؤن یا سخت کارروائی کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جس پر عوامی، تجارتی اور ٹرانسپورٹ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فروخت بند یا محدود کرکے مصنوعی بحران پیدا کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments