ایم ڈی واسا کا کمرشل بلوں کی 75 فیصد ریکوری کا ہدف لازمی قرار
ناکامی پر ریونیو افسروں کی تبدیلی کا انتباہ، واسا مالی طور پر مزید مستحکم ہوگا:ایم ڈی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے کمرشل بلوں کی کم از کم 75 فیصد ریونیو ریکوری کا ہدف لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقررہ ہدف حاصل نہ کرنے والے ریونیو افسروں کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز (PSH) سے واجبات کی وصولی کے مقررہ اہداف ہر صورت پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ریونیو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ماہانہ ریکوری ٹارگٹ کے حصول کے لیے ریونیو افسران فیلڈ میں متحرک ہوں اور کمرشل صارفین سے واجبات اور ماہانہ بلوں کی وصولی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جو ریونیو افسر مقررہ 75 فیصد ریکوری ہدف حاصل نہیں کر سکے گا، اسے تبدیل کر دیا جائے گا۔ ساتھ ہی ریونیو افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی متعلقہ سب ڈویژنز میں کمرشل صارفین کی تعداد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کریں۔ثاقب رضا نے مزید کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز ڈائریکٹوریٹ بھی ماہانہ ریکوری کا مقررہ ہدف حاصل کرے ، بصورت دیگر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافے سے واسا مالی طور پر مزید مستحکم ہوگا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو نکاسی آب اور فراہمی آب سے متعلق مسائل کے حل اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments