این اے 99 اور پی پی 107 میں بنیادی سہولیات کا فقدان

این اے 99 اور پی پی 107 میں بنیادی سہولیات کا فقدان

ٹوٹی سڑکیں، جگہ جگہ کوڑا،شہریوں کا منتخب نمائندوں سے فوری اقدامات کا مطالبہ

پینسرہ (نمائندہ دنیا )فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 99 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 107 کے مکینوں نے بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت، متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندوں سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، نکاسیٔ آب کا ناقص نظام، بجلی اور گیس کی غیر تسلی بخش فراہمی سمیت متعدد مسائل طویل عرصے سے حل طلب ہیں، تاہم ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے عوامی نمائندے انتخابی وعدوں کے برعکس عوامی رابطوں سے دور دکھائی دیتے ہیں، جبکہ دیگر سیاسی شخصیات بھی حلقے کے مسائل پر مؤثر آواز بلند نہیں کر رہیں۔ بعض رہائشیوں نے یہ بھی کہا کہ کئی افراد کو اپنے منتخب نمائندے کا نام تک معلوم نہیں، جو عوامی رابطے کی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق بارش کے دوران گلیاں اور سڑکیں زیر آب آ جاتی ہیں، صفائی ستھرائی کا نظام غیر مؤثر ہے ، جبکہ بجلی اور گیس کی فراہمی سے متعلق مسائل بھی بدستور برقرار ہیں، جس سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب کے مؤثر نظام، صفائی ستھرائی، بجلی اور گیس کی بہتر فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...