کشمیر کے انتخابی عمل میں رکاوٹیں حل کی جائیں ، سعدرفیق

 کشمیر کے انتخابی عمل میں رکاوٹیں حل کی جائیں ، سعدرفیق

کسی کشمیری کو غدار قرار دینا مناسب نہیں، لیگی رہنما کاتقریب سے خطاب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے سرگودھا میں مقیم کشمیریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا معاملہ صرف انتخابات کا نہیں بلکہ قومی وقار اور کشمیر کاز کا معاملہ ہے ۔پاکستان میں مقیم کشمیریوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ سرگودھا میں آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی بارہ نشستیں صرف حکومت سازی کا معاملہ نہیں بلکہ کشمیر کاز کی نمائندگی بھی کرتی ہیں،پاکستان میں مقیم کشمیری بھی کشمیر کا اٹوٹ حصہ ہیں اور جن لوگوں نے کشمیر کے لیے ہجرت اور قربانیاں دی ہیں، ان کی شناخت پر سوال اٹھانا کسی صورت درست نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی حقوق، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہر مثبت مطالبے کی حمایت کرتی رہے گی، جبکہ ان کے بقول ملک میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے بھی مسلم لیگ (ن) نے مکمل کیے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز پر پاکستان کا مؤقف پہلے بھی مضبوط تھا اور آئندہ بھی مضبوط رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کشمیری کو غدار قرار دینا مناسب نہیں کیونکہ کشمیری ہمیشہ پاکستان کے وفادار رہے ہیں اور بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے ، تاہم تشدد سے مطالبات کمزور پڑ جاتے ہیں۔ سعد رفیق نے انتخابی عمل میں رکاوٹیں نہ ڈالنے اور تمام سیاسی اختلافات کو مذاکرات اور جمہوری عمل کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے سے جدا نہیں، بلکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...