9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس: 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید

راولپنڈی:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کے خلاف علیحدہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔

 انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تمام 47 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت کے مطابق سزا پانے والے ملزمان 9 مئی کے واقعات کی سازش اور منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے، فیصلے میں کہا گیا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے بھی ملزمان کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے والا قرار دیا تھا۔

پراسیکیوشن کی جانب سے 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے جب کہ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے مجموعی طور پر 44 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔

عدالت میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کو مختلف سنگین الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا۔

مقدمے میں مجموعی طور پر 118 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے 18 ملزمان دورانِ ٹرائل اشتہاری قرار دیے گئے جب کہ 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تمام اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے، ان پر 9 مئی کے واقعات کے دوران جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری عمارتوں و مقامات کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

خیال رہے سزا پانے والے ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، مراد سعید، زلفی بخاری، شہباز گل، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، حماد اظہر، اعظم سواتی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی، شبلی فراز اور کنول شوزب سمیت دیگر شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...