تھانہ کوٹ شاکر:مکین بروقت پولیس رسپانس سے محروم

تھانہ کوٹ شاکر:مکین بروقت پولیس رسپانس سے محروم

علاقہ کے لو گوں کو پولیس سے متعلق معاملات میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا ) تھانہ کوٹ شاکر کی حدود میں شامل متعدد دیہات کے مکینوں نے انتظامی حدود بندی کے باعث بروقت پولیس مدد نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے تھانہ جات کی حدود کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق کئی آبادیاں جغرافیائی طور پر تھانہ اٹھارہ ہزاری کے زیادہ قریب واقع ہیں، تاہم انتظامی طور پر تھانہ کوٹ شاکر کے ماتحت ہونے کے باعث پولیس سے متعلق معاملات میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کوٹلی باقر شاہ تھانہ کوٹ شاکر سے تقریباً 25 کلومیٹر جبکہ تھانہ اٹھارہ ہزاری سے 15 سے 16 کلومیٹر، بستی عبداللہ تھانہ کوٹ شاکر سے 36 کلومیٹر جبکہ تھانہ اٹھارہ ہزاری سے صرف 7 کلومیٹر، چیلہ والا تھانہ اٹھارہ ہزاری سے 9 کلومیٹر، جبکہ سات چک کوٹ روڈ زم زم پمپ کا علاقہ تھانہ کوٹ شاکر سے تقریباً 42 کلومیٹر اور تھانہ اٹھارہ ہزاری سے صرف 8 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔مقامی افراد کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال، جھگڑے یا جرائم کے واقعے پر متعلقہ تھانے کی پولیس کو دور دراز سے پہنچنا پڑتا ہے ، جس کے باعث بروقت رسپانس ممکن نہیں رہتا۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات پولیس کو متعلقہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے دیگر تھانوں کی حدود سے گزرنا پڑتا ہے ، جس سے مزید وقت ضائع ہوتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے آر پی او فیصل آباد، ڈی پی او جھنگ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی سہولت، مؤثر پولیسنگ اور فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے تھانہ جات کی حدود کا ازسرنو جائزہ لے کر مناسب انتظامی فیصلے کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...