ٹوبہ :پہلی بارش میں بیوٹیفکیشن منصوبے کی خامیاں سامنے آگئیں
شیڈ گرنے سے مالی نقصان، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پہلی ہی بارش نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صدر بازار اور کمیٹی بازار میں کروڑوں روپے کی لاگت سے حال ہی میں مکمل کیے گئے بیوٹیفیکیشن منصوبے کی خامیاں آشکار کر دیں۔بارش کے باعث کمیٹی بازار میں دکانوں کے اوپر نصب شیڈ ٹوٹ کر گر گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متعدد دکانداروں کو مالی نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب ناقص نکاسی آب کا نظام بھی بے نقاب ہوگیا، جس کے باعث بارش کا پانی بازار میں جمع ہونے کے بعد کئی دکانوں میں داخل ہوگیا۔بارش کے دوران بازار تالاب کا منظر پیش کرتا رہا اور پانی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کے سامان کو نقصان پہنچا۔ دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف رہے جبکہ خریداروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر شیڈ کسی مصروف وقت میں گرتا تو بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا۔تاجروں نے کہا کہ منصوبے میں مؤثر نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث پہلی ہی بارش نے تعمیراتی معیار اور منصوبہ بندی کی قلعی کھول دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments