بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ
محکمہ لائیو سٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ سے اچانک انسپکشن کا مطالبہ
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )اٹھارہ ہزاری اور گردونواح میں مبینہ طور پر بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کیے جانے کی شکایات پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ مقامی افراد نے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی اور گوشت کی معیار جانچنے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق بعض قصاب مبینہ طور پر دیہی علاقوں سے بیمار، کمزور یا ناقابلِ استعمال جانور کم قیمت پر خرید کر رات کے وقت ذبح کرتے ہیں اور بعد ازاں ان کا گوشت تازہ اور معیاری ظاہر کرکے فروخت کرتے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی متعلقہ حکام کی جانب سے آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔طبی ماہرین کے مطابق اگر واقعی بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہو تو اس کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ، معدے اور آنتوں کی بیماریوں سمیت دیگر متعدی امراض کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
شہریوں نے محکمہ لائیو سٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ قصاب خانوں اور گوشت فروخت کرنے والے مراکز کی اچانک انسپکشن کی جائے ، گوشت کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے جائیں اور اگر کوئی شخص غیر معیاری یا بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کرتے ہوئے پایا جائے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے ۔شہریوں نے گوشت کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ عوام نے کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر جھنگ، اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments