ممکنہ سیلاب کے پیش نظر لائیو سٹاک فلڈ ریلیف کیمپس فعال
ویٹرنری عملہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تین شفٹوں میں خدمات انجام دے رہا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، فیصل آباد ڈویژن نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال کر دئیے ہیں تاکہ مویشی پال افراد کو بروقت اور مؤثر ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان کی ہدایات کے مطابق ویٹرنری عملہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تین شفٹوں میں خدمات انجام دے رہا ہے ۔ کیمپس میں متاثرہ جانوروں کے ہنگامی علاج، ابتدائی طبی امداد، حفاظتی ویکسینیشن، بیماریوں کی نگرانی، ادویات کی فراہمی اور فنی رہنمائی سمیت مختلف ویٹرنری خدمات مہیا کی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ سیلاب کے دوران مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے اور مویشی پال افراد کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔محکمہ نے اپنی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی ممکنہ متاثرہ علاقوں میں پیشگی طور پر متحرک کر دی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر علاج، ویکسینیشن اور دیگر ضروری سہولیات فوری فراہم کی جا سکیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے تحصیل، ضلعی اور ڈویژنل دفاتر میں فلڈ ایمرجنسی سیلز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments