منتہا کے لواحقین کوپراسیکیوٹر آفس بلا کر بریفنگ دی گئی
منتہا کے لواحقین کوپراسیکیوٹر آفس بلا کر بریفنگ دی گئی انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے قانونی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) وزیر برائے پراسیکیوشن پنجاب، رانا بلال احمد کی ہدایت کی روشنی میں زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی منتہا کے لواحقین کو ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا آفس بلایا گیاجہاں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ملک عامر شہزاد کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات منعقد ہوئی ملاقات کے دوران لواحقین کی تمام گزارشات اور تحفظات کو نہایت توجہ، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ سنا گیا۔ انہیں مقدمہ کی موجودہ قانونی پیش رفت، پراسیکیوشن کے کردار، آئندہ قانونی مراحل اور متعلقہ قانونی امور سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، جبکہ ان کے تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیے گئے ۔ اس موقع پر انہیں یقین دلایا گیا کہ مقدمہ کی پیروی مکمل شفافیت، غیرجانبداری اور قانون کے تقاضوں کے عین مطابق جاری ہے اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے ہر ممکن قانونی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں،ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن آفیسر ملک عامر شہزاد نے کہا کہ منتہا قتل کیس جیسے حساس مقدمات میں متاثرین کو اعتماد میں لینا، ان کی بات کو پوری توجہ سے سننا اور انہیں ہر قانونی پیش رفت سے باخبر رکھنا محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کی عوام دوست، شفاف اور جوابدہ پالیسی کا عملی مظہر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments