ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں بنیادی سہولیات کا فقدان
ہسپتال میں پینے کے صاف پانی کا مناسب انتظام نہیں ،مریضوں کو پریشانی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جھنگ میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں، ان کے لواحقین اور ہسپتال کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں پینے کے صاف پانی کا مناسب انتظام موجود نہیں، جس کے باعث عملہ اپنے گھروں سے پانی لانے پر مجبور ہے ۔ شدید گرمی میں یہ پانی چند گھنٹوں میں گرم ہو جاتا ہے ، تاہم عملہ اور مریض سارا دن اسی پانی کے استعمال پر مجبور رہتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہسپتال کے متعدد واش رومز میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے ، جس سے مریضوں، لواحقین اور ملازمین کو روزمرہ امور میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی ایسی صورتحال متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ ان کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے بجائے انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے ، جبکہ مریض بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments