نکاسی آب کا بحران ، گندے پانی سے شہریوں کی زندگی اجیرن
متعدی امراض اور مچھر، مکھی کی بہتات بھی علاقہ مکینوں کے لیے خطرہ
چناب نگر(نامہ نگار)نکاسی آب کے مسئلہ نے زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی، چناب نگر کے نواحی علاقوں میں بارش کے پانی اور سیوریج کے پانی سے لبا لب گلیوں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گندے پانی سے متعدی امراض اور مچھر، مکھی کی بہتات بھی علاقہ مکینوں کے لیے خطرہ بن گئی ہے ۔ شہر کے نواحی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع رہتا ہے ، نکاسی آب کا مناسب نظام اور سیوریج سسٹم موجود نہیں۔ بارش اور گھروں کا پانی یا تو جوہڑ میں گرتا ہے یا گلیوں میں کھڑا رہتا ہے ۔ جوہڑ بھر جانے کے بعد پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں رہتا۔ ہائی وے کے کنارے موجود نالے بھی متعدد مقامات پر تجاوزات کی وجہ سے بند ہو چکے ہیں جس کے باعث گلیاں اور سڑکیں کئی کئی گھنٹے پانی میں ڈوبی رہتی ہیں اور سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں۔ نمازیوں، طلبہ و طالبات اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ گندے پانی میں مچھروں اور دیگر حشرات کی افزائش سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے دیرینہ مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments