یو م استحصال کشمیر ،مری ،چکوال ،مردان ،اوگی میں یکجہتی ریلیاں
سرکاری ملازمین اور عوام کی بھرپور شرکت ،شرکا نے بینرز ،پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی،بھارتی مظالم کے خلاف نعرے ،بربریت روکنے کا مطالبہ
مری، چکوال، مردان (نمائندہ دنیا) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مری، چکوال، مردان سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار، مری میں ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس نے کی ،ضلعی انتظامیہ کے مختلف محکموں کے افسران و ملازمین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی کا آغاز جی پی او چوک مری سے ہوا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔ ادھر چکوال میں بھی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مرکزی یکجہتی ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس چکوال میں منعقد ہوئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر نے کی۔ شرکائنے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ مردان میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر قومی جوش و جذبے اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پختونخوا ہاؤس مردان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جواد علی، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اوگی میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے ) اوگی کے زیرِ اہتمام اسسٹنٹ کمشنر اوگی محمد آفتاب منیر اور ٹی ایم او عامر شہزاد کی قیادت میں ایک بڑی یکجہتی ریلی نکالی گئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments