یومِ استحصالِ کشمیر:کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے بڑی ریلی
کمشنر عمران حامد شیخ نے قیادت کی ،آر پی او اور ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع فیصل آباد میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن آفس سے ریلی کا آغاز ہوا جو چناب کلب چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سی پی او تنویر حسین، ارکان اسمبلی بلال بدر چودھر ی، میاں طاہر جمیل، خان بہادر ڈوگر، قدسیہ بتول، عظمیٰ جبیں راجہ، مسلم لیگی رہنما حاجی اکرم انصاری، شیخ اعجاز احمد، فقیر حسین ڈوگر، رانا عمر اسرار سمیت افسران، علماء کرام، طلبہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے ۔اس سے قبل میونسپل کارپوریشن میں منعقدہ سیمینار کے آغاز پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے ۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اپنے خطاب کے آغاز میں شعر \\\"خونِ دل، خونِ جگر، خونِ وفا، خونِ نظر سرخیاں دیکھی ہیں تو نے میرے افسانے کی\\\" پڑھتے ہوئے کہا کہ یہی کشمیر کی داستان ہے ۔ انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کی ڈیڑھ کروڑ عوام کی جانب سے اہلِ کشمیر کو پیغام دیتے ہوئے کہا، \\\"خونِ جگر سے نکھاریں گے رخِ برگِ گلاب۔۔۔ ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے ۔\\\"دیگر مقررین نے کہا کہ آج ہی کے دن بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی انسانی حقوق کے حوالے سے سوالیہ نشان ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments