پبلک ٹرانسپورٹ مین اوور لوڈنگ، اوور چارجنگ، خواتین نشستوں کی خلاف ورزیوں پر احتجاج

پبلک ٹرانسپورٹ مین اوور لوڈنگ، اوور چارجنگ، خواتین نشستوں کی خلاف ورزیوں پر احتجاج

بیشتر گاڑیوں میں سرکاری کرایہ نامے بھی آویزاں نہیں ہوتے ،شکایات کا نظام بھی موجود نہیں،خصوصی انسپکشن مہم چلائی جائے :شہری

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر) فیصل آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ میں قوانین کی خلاف ورزیاں معمول بن گئی ہیں، جس کے باعث خواتین، بزرگ اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سسٹم (FUTS)کے افسر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہر کا ٹرانسپورٹ نظام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ ویگنوں اور بسوں میں اوور لوڈنگ، اوور چارجنگ اور خواتین کیلئے مختص نشستوں پر مردوں کو بٹھانا معمول بن چکا ہے ۔شہریوں کے مطابق ویگنوں میں ڈرائیور کے پیچھے خواتین کیلئے مختص نشست کے سامنے اضافی (سیٹ) لگا کر مرد مسافروں کو بٹھا دیا جاتا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کا مقصد محفوظ اور باوقار سفر فراہم کرنا تھا، مگر اضافی نشستوں نے اس مقصد کو ہی ختم کر دیا ہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ بیشتر گاڑیوں میں سرکاری کرایہ نامے آویزاں نہیں ہوتے ، اوور چارجنگ عام ہے ، جبکہ شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر نظام بھی موجود نہیں۔ علاوہ ازیں ڈرائیور اور کنڈکٹر مسافروں کی اجازت کے بغیر بلند آواز میں گانے چلاتے ہیں، جس سے بزرگ، خواتین، طلبہ اور بیمار افراد ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔ شہریوں نے کمشنر عمران حامد شیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں خصوصی انسپکشن مہم چلائی جائے ، خواتین کی مخصوص نشستوں کے سامنے لگائی گئی اضافی سیٹیں فوری ہٹائی جائیں، اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ میں ملوث گاڑیوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...