میڈیکل ویسٹ تلف کرنے کا مؤثر نظام نہ بن سکا
ہسپتالوں میں ضروری انسینریٹرز کی عدم دستیابی بھی تشویش کا باعث بن گئی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)محکمہ ماحولیات اور محکمہ صحت کی مبینہ غفلت کے باعث میڈیکل ویسٹ کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کا مؤثر نظام قائم نہ ہو سکا، جبکہ انفیکشس، بایوڈیگریڈیبل، شارپ اور دیگر خطرناک طبی فضلے کو الگ الگ کرنے کے بجائے ایک ہی جگہ پھینکے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ متعدد ہسپتالوں میں ضروری انسینریٹرز کی عدم دستیابی بھی تشویش کا باعث بن گئی ہے ۔نجی اور بعض سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل ویسٹ کو محفوظ انداز میں تلف کرنے کے لیے درکار انسینریٹرز کی موجودگی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔ انسینریٹر ایک ایسا نظام ہے جس کے ذریعے بائیولوجیکل فضلے کو تلف کرکے اسے بیکٹیریا اور وائرس سے پاک کیا جاتا ہے ، تاکہ انفیکشن اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ کم ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق شہر کے نجی و سرکاری ہسپتالوں سے نکلنے والا میڈیکل ویسٹ بعض اوقات کباڑ خانوں میں فروخت کر دیا جاتا ہے یا عام کچرے کے ڈھیروں پر پھینک دیا جاتا ہے ۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (FWMC) کی ڈمپ سائٹ پر استعمال شدہ سرنجیں، انجکشن، خالی بوتلیں، استعمال شدہ بلڈ بیگز، پٹیاں اور دیگر طبی فضلہ موجود ہونے سے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ماہرینِ صحت کے مطابق اس نوعیت کا میڈیکل ویسٹ اگر مناسب طریقے سے تلف نہ کیا جائے تو ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی اور دیگر خطرناک متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ، اس لیے اس کی محفوظ تلفی ناگزیر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments