ناکارہ ٹائروں کو آگ لگا کر دھاتی مواد نکالنے کا سلسلہ جاری
ضلع ٹوبہ میں محکمہ ماحولیات کی چشم پوشی سے فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مبینہ طور پر محکمہ ماحولیات کی چشم پوشی سے پرانے اور ناکارہ ٹائروں کو کھلے عام آگ لگا کر ان سے تاریں اور دیگر قیمتی دھاتی مواد نکالنے کا سلسلہ جاری ہے ، جسکے باعث فضائی آلودگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی سنگین ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر پرانے ٹائر جمع کرکے انہیں کھلے ماحول میں جلا دیا جاتا ہے ، اندر موجود تاریں اور دھاتی مواد الگ کیا جاتا ہے جبکہ اس عمل کے دوران اٹھنے والا سیاہ دھواں اور بدبودار گیسیں قریبی آبادیوں اور ماحول کو متاثر کرتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹائروں کو جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف مسائل کا باعث بنتا ہے ، جبکہ فضاء میں مضر ذرات اور دھوئیں کے پھیلاؤ سے ماحول بھی آلودہ ہو رہا ہے ،شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کیخلاف متعلقہ اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور محکمہ ماحولیات کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹائر جلانے کا فوری نوٹس لیا جائے او ر سخت کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments