قومی وحدت پاکستان کو مضبوط بنانے کی ضمانت :محبوب الزماں
اتحاد ہی وہ قوت ہے جسکے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں :رہنماجماعت اسلامی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں بطور قوم عہد کرنا ہوگا کہ علاقائی، صوبائی، مذہبی، لسانی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہوکر ایک متحد قوم کی حیثیت سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ بحال رکھیں گے ۔ قومی وحدت اور اتحاد ہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور وطن عزیز کو قائداعظم کی سوچ اور امنگوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 78 سال سے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے بے مثال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کے بعد کلمہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک کو آج بھی حقیقی آزادی سے دور رکھا ہوا ہے ۔ اس یوم آزادی پر قوم کو نئے جذبے اور عزم نو کے ساتھ اس عہد کو زندہ و تابندہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے اور حقیقی آزادی کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نجات ہی قوم کو حقیقی آزادی دلا سکتی ہے ، جماعت اسلامی حقیقی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قوم کو حقیقی آزادی اس دن حاصل ہوگی جب آئی ایم ایف کے غلام حکمران اور ملک لوٹنے والا ہر شخص اپنے انجام کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ان شاء اللہ مایوسیوں کے اندھیروں سے نکلنے والا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments