قتل کیس کے ملز موں کو گرفتار نہ کرنے پر لواحقین کا احتجاج
2نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے مبینہ طور پر تھانے میں پروٹوکول دیا جا رہا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)تھانہ موچی والا کے علاقہ چک نمبر 442 ج ب میں ایک ماہ قبل ہونے والی قتل کی واردات کے مدعی محمد رمضان نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے معمولی رنجش پر اس کے والد کو بے دردی سے قتل جبکہ بھائی کو زخمی کردیا، مگر پولیس نامزد ملز موں سے مبینہ ساز باز کرکے انہیں گرفتار کرنے کے بجائے پروٹوکول دے رہی ہے ۔گزشتہ روز پریس کلب جھنگ میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرے کے دوران محمد رمضان اور اس کے دیگر اہل خانہ نے بتایا کہ مقدمہ کی ایف آئی آر چھ نامزد اور ایک نامعلوم ملزم کے خلاف درج ہوئی۔ پولیس نے موقع واردات سے شواہد بھی اکٹھے کیے اور چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، تاہم دیگر دو نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے مبینہ طور پر تھانے میں پروٹوکول دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے عبوری ضمانت خارج ہونے کے باوجود پولیس ایک ملزم رفیع اللہ کو گرفتار کرنے سے گریزاں ہے ۔ لواحقین نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او تھانہ موچی والا کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور مقدمہ کی تفتیش کسی ایماندار افسر سے کرائی جائے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ڈی پی او جھنگ ساجد حسین سے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments