جھنگ روڈ بارش کے پانی میں ڈوب گئی، ٹریفک نظام مفلوج
نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے سے پانی جمع، شہریوں کا وزیراعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ
پینسرہ (نمائندہ دنیا )انتظامیہ کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور ٹھیکیدار کی مبینہ ناقص منصوبہ بندی کے باعث اہم بین الاضلاعی شاہراہ جھنگ روڈ شدید بارش کے بعد کئی کلومیٹر تک بارش کے پانی میں ڈوب گئی، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں و مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متعدد مقامات پر کئی فٹ پانی جمع ہونے سے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو متبادل راستوں کے ذریعے کئی کلومیٹر کا اضافی سفر کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق چند سال قبل جھنگ روڈ کی تعمیر و بحالی پر تقریباً 47 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی تھی۔
حالیہ بارش کے بعد چھوٹا بائی پاس، سیم نالہ، بھرتی سنٹر، ساتواں میل، چوہلہ پلی، تھانہ ایئرپورٹ سے ماڈل بازار تک جھنگ روڈ کے دونوں اطراف پانی جمع ہوگیا۔ کئی مقامات پر سڑک زیرآب آنے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت کے لیے متبادل راستے اختیار کرنا پڑے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جھنگ روڈ کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شاہراہ کی تعمیر میں مبینہ غفلت اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments