ٹوبہ : میڈیکل کالج کا دیرینہ منصوبہ تاحال کھٹائی میں
بڑے ضلع میں میڈیکل کالج کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے :عوامی حلقے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج کے قیام کا دیرینہ مطالبہ تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکا، جبکہ منصوبہ طویل عرصے سے کھٹائی میں پڑا ہوا ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے بڑے ضلع میں میڈیکل کالج کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود منصوبے کے حوالے سے تعمیراتی یا مالی سطح پر کوئی واضح عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔قبل ازیں چیف منسٹر آفس پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج کے قیام کو عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبے کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ متعلقہ محکمے کو ہدایت کی گئی تھی کہ منصوبے کی تجویز کا مالی گنجائش، شعبہ جاتی ترجیحات، قوانین اور پالیسی کے مطابق جائزہ لے کر ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔میڈیکل کالج کے قیام کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کو اپ گریڈ کرکے 500 بستروں تک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments