سرکاری سکولوں میں ایک روز میں 7 ہزار پودے لگا دیئے گئے

سرکاری سکولوں میں ایک روز میں 7 ہزار پودے لگا دیئے گئے

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی شجرکاری مہم میں شرکت، طلبہ نے بھی حصہ لیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور فیصل آباد گرین لائینز کلب کے اشتراک سے فیصل آباد شہر کے سرکاری سکولوں میں ایک روز میں 7 ہزار پودے لگائے گئے ۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی میں پودے لگائے ۔ اس موقع پر طلبہ نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا جبکہ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی راؤ عبدالکریم، دیگر افسران اور فیصل آباد گرین لائینز کلب کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔کمشنر فیصل آباد نے فیصل آباد گرین لائینز کلب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو تروتازہ رکھنے ، فضائی معیار بہتر بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ایک روز میں سکولوں میں 7 ہزار پودے لگانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان کی دیکھ بھال اور نشوونما کے لیے محکمہ تعلیم کو اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ‘‘میرا پودا، میرا ہم جماعت’’ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ مل کر پودے لگائیں گے اور ان کی نشوونما، دیکھ بھال اور پرورش کی ذمہ داری بھی طلبہ کو سونپی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے اردگرد ماحول کو صاف رکھنے کے لیے بھی شجرکاری کرائی جا رہی ہے ، جبکہ ‘‘پارک اپنائیں، اپنا نشان چھوڑیں’’ مہم بھی شروع کی گئی ہے ، جس کے تحت سول سوسائٹی پارک اپنا کر وہاں سہولیات بہتر بنائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ درخت نہ صرف دھرتی کا حسن ہیں بلکہ ماحول کو آلودگی سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...