سمندری روڈ انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث علاقہ مکینوں کیلئے درد سر بن گیا

 سمندری روڈ انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث علاقہ مکینوں کیلئے درد سر بن گیا

کئی کلومیٹر تک ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنا معمول ، مریضوں کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینسوں اور دیگر گاڑیوں کو بھی تاخیر کا سامنا، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں :شہریوں کامطالبہ

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) سمندری روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ سٹی ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث علاقہ مکینوں اور راہ گیروں کے لیے درد سر بن گیا۔ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے مناسب اقدامات نہ ہونے کے باعث سمندری روڈ پر کئی کلومیٹر تک ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنا معمول بن گیا ہے ۔ ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مریضوں کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینسوں سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے سمندری روڈ پر ناولٹی پل اور کوریاں پل کے قریب انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے۔

تعمیراتی کام کے پیش نظر سمندری روڈ کی ایک سائیڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے جبکہ دوسری سائیڈ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ تاہم سڑک کو مناسب طریقے سے تقسیم نہ کیے جانے اور حفاظتی رسیاں نہ باندھے جانے کے باعث دونوں اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ کوریاں پل سے شروع ہونے والی ٹریفک کی لمبی قطاریں سمندری روڈ پر نیاموآنہ موڑ سے بھی آگے تک پہنچ جاتی ہیں، جس سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سمندری روڈ انڈر پاسز کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...