انتظامیہ اور محتسب آفس ملکر عوام کوبہتر خدمات دینگے ، کمشنر

 انتظامیہ اور محتسب آفس ملکر عوام کوبہتر خدمات دینگے ، کمشنر

ڈویژنل و ضلعی افسران سے مسلسل رابطہ کاری سے مسائل کے حل میں مدد مل رہی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) صوبائی محتسب آفس کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر ریجنل آفس میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ صوبائی محتسب آفس عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے ، ایڈوائزر صوبائی محتسب سرگودھا ریجن کی ڈویژنل و ضلعی افسران سے مسلسل رابطہ کاری سے شہریوں کے مسائل کے حل میں مدد مل رہی ہے ، ضلعی انتظامیہ اور محتسب آفس مل کر عوام کو مزید بہتر خدمات فراہم کریں گے ۔ آر پی او شہزاد آصف خان نے کہا کہ صوبائی محتسب آفس شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ ہے ، سرگودھا ریجن کے چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز کو محتسب آفس سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔ سیکریٹری صوبائی محتسب قیصر سلیم نے بتایا کہ گزشتہ سال ادارے کو ریکارڈ تقریباً 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اس سے قبل سالانہ درخواستوں کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ نہیں تھی، ڈیجیٹائزیشن، عوامی خدمت پروگرام اور تربیتی اقدامات سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ ایڈوائزر صوبائی محتسب محمد الیاس گل نے بتایا کہ موبائل وین پروگرام کے ذریعے دور دراز علاقوں سے تقریباً پانچ ہزار درخواستیں وصول کی گئیں تاکہ ان شہریوں کو بھی محتسب آفس کی سہولیات میسر آسکیں جن کے لیے ریجنل دفتر تک رسائی مشکل ہے ، جبکہ صوبائی محتسب عائشہ حامد کی جانب سے گزشتہ دو برس میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور افسران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں اور کمشنر حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان سمیت دیگر افسران نے صوبائی محتسب آفس کی 30ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...