3 ماہ قبل مکمل چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک تاحال غیر فعال
3 ماہ قبل مکمل چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک تاحال غیر فعال سہولت افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ،حکام سے نوٹس کا مطالبہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تین ماہ قبل مکمل ہونے والا چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک تاحال فعال نہ ہوسکا، جس کے باعث یہ سہولت افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہے ۔ بند پڑی سہولت کے مختلف حصے اور تنصیبات بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں۔پارک میں بچوں کو ٹریفک قوانین، سڑک عبور کرنے کے اصول، زیبرا کراسنگ، ون وے ، نو پارکنگ، رفتار کی حد اور ٹریفک سگنلز سمیت بنیادی ٹریفک قواعد عملی ماحول میں سکھانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود بچوں کے لیے یہ سہولت تاحال کھولی نہیں جاسکی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو ٹریفک قوانین کی عملی تربیت فراہم کرنا انتہائی اہم ہے ۔
کتابوں میں قوانین پڑھانے کے ساتھ اگر بچوں کو ٹریفک سگنلز، زیبرا کراسنگ، ون وے ، رفتار کی پابندی اور سڑک استعمال کرنے کے بنیادی اصول عملی طور پر سکھائے جائیں تو ان میں بچپن ہی سے ٹریفک ڈسپلن پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے لیے آگاہی مہمات چلائی جاتی ہیں جبکہ دوسری طرف بچوں کی عملی تربیت کے لیے تیار کیا گیا پارک مکمل ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لایا جارہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments