احمد پور سیال :تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا اعلان
اے سی کی سرکاری دفاتر میں شفافیت اور سروس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
احمد پور سیال (نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور سیال غزالہ اصغر نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گڑھ مہاراجہ اور دیگر متعلقہ افسروں و عملے کے ہمراہ اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے تمام عملے کو ہدایت کی کہ دفاتر میں عوام کو خدمات کی فراہمی اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ تمام سائلین کے مسائل اور کام میرٹ اور ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ دفاتر میں پیدائش، اموات اور دیگر سرٹیفکیٹس کی مقررہ سرکاری فیس کے شیڈول پر مشتمل بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مقررہ فیس اور دستیاب سہولیات سے متعلق مکمل آگاہی حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی بازاروں اور اہم چوراہوں سے ناجائز تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں گی۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ناجائز تجاوزات ازخود فوری ختم کر دیں، بصورت دیگر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی شروع کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments