پینسرہ، سدھار میں تجاوزات مافیا بے لگام، شاہراہیں سکڑ گئیں
ٹریفک جام معمول، پیرا فورس کی کارروائیاں بے اثر، حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
پینسرہ (نمائندہ دنیا ) پینسرہ، سدھار بائی پاس اور گردونواح کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں، رکشہ ڈرائیوروں اور دکانداروں نے مبینہ طور پر سڑکوں پر کئی کئی فٹ تک قبضے جما رکھے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا ہے ۔ متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور عارضی کارروائیوں کے باعث تجاوزات کا مسئلہ مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔پینسرہ چوک، گوجرہ روڈ، بھوانہ روڈ، چک نمبر 67 ج ب سدھار اڈہ، ملاپور روڈ، سدھار بائی پاس چوک، سمندری روڈ، سرگودھا روڈ اور جھنگ روڈ سمیت متعدد اہم مقامات پر تجاوزات کی بھرمار ہے ۔ شاہراہوں پر دکانیں اور ریڑھیاں سجانے سے سڑکیں تنگ ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سدھار میں ہفتہ وار بازار بھی ٹریفک مسائل کی بڑی وجہ بن گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق ہفتے کے روز جھنگ روڈ پر دکاندار سامان سجا لیتے ہیں، جس سے ٹریفک جام معمول بن جاتا ہے ۔ ملاپور روڈ پر پیرا فورس متعدد مرتبہ کارروائیاں کر چکی ہے ، تاہم تجاوزات دوبارہ قائم ہونے کے باعث صورتحال جوں کی توں ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مستقل نگرانی اور مؤثر اقدامات کے بغیر اس مسئلے کا مستقل حل ممکن نہیں۔سیاسی و سماجی شخصیات اور مسافروں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، کمشنر فیصل آباد، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کرکے مرکزی شاہراہوں، بائی پاس چوکوں اور بازاروں کو فوری طور پر کلیئر کرایا جائے ۔
چ
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments