زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے بھرپوراقدامات کر رہے ،وجیہہ قمر
885پاکستانی زرعی ماہرین چین سے تربیت مکمل کرکے واپس پہنچ گئے، خطاب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت ایک ہزار پاکستانی زرعی ماہرین کی چین میں قلیل مدتی تربیت کے پروگرام کے آخری گروپ کی روانگی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے اعلیٰ حکام، زرعی ماہرین نے شرکت کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پروگرام کے تحت اب تک 885پاکستانی زرعی ماہرین چین کے پانچ تعلیمی و تحقیقی اداروں سے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرکے وطن واپس آچکے ہیں جو اس قومی منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان کے زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت، کم پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے جدید تحقیق، تکنیکی مہارت اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ ناگزیر ہے، پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعلیم، سائنسی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments