رکشہ ڈرائیور کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر سب انسپکٹر فارغ
ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے اردل روم میں شکایات کو سنا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے اردل روم کے دوران اختیارات کے ناجائز استعمال اور رکشہ ڈرائیور کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کے معاملے پر سب انسپکٹر حاکم علی کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ریجنل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی گئی۔ آر پی او کے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اچانک دورے کے دوران تھانہ سٹی ٹوبہ میں ایک رکشہ ڈرائیور کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس پر انہوں نے رکشہ ڈرائیور کو سات روز تک غیر قانونی حراست میں رکھنے کے الزام میں سب انسپکٹر حاکم علی کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیا تھا۔معاملے کی تحقیقات ایس پی رینک کے ایک سینئر پولیس افسر کے ذریعے کروائی گئیں، جن کی رپورٹ میں سب انسپکٹر حاکم علی کو قصوروار قرار دیا گیا۔ انکوائری کے دوران وہ اپنے دفاع میں کوئی خاطر خواہ جواب پیش نہ کر سکا، جبکہ اس کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا گیا، جس کے مطابق وہ متعدد بار معطل اور برخاست ہو چکا تھا۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں آر پی او نے سب انسپکٹر حاکم علی کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments