فیصل آباد میں 60 فیصد پاور لومز یونٹس بند ہونے کا دعویٰ

فیصل آباد میں 60 فیصد پاور لومز یونٹس بند ہونے کا دعویٰ

رہنمائوں کی تشویش ،انڈسٹری بچاؤ، مزدور بچاؤ تحریک شروع کرنے کا اعلان

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) ‘‘انڈسٹری بچاؤ، مزدور بچاؤ’’ کے نعرے کے تحت صنعتی اور مزدور رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سائزنگ انڈسٹری، پاور لومز اور دیگر صنعتی یونٹس کو درپیش سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ رہنماؤں نے بجلی، گیس اور خام مال کی قیمتوں میں کمی، ٹیکسوں میں ریلیف اور صنعتی پالیسی میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو باقی ماندہ صنعتیں بھی بند کرکے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔آل پاکستان سائزنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن، پاور لومز ایسوسی ایشن اور لیبر یونین کے عہدیداروں سمیت صنعتی و مزدور رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فیصل آباد میں بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، دھاگے اور خام مال کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث تقریباً 60 فیصد پاور لومز یونٹس اور دیگر متعدد صنعتی یونٹس بند ہو چکے ہیں، جبکہ باقی صنعتیں بھی شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیداواری لاگت میں اضافے ، ٹیکسوں کے بھاری بوجھ اور ناموافق کاروباری حالات نے صنعت کاروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے ۔ اس صورتحال کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور ہزاروں مزدوروں کے روزگار کو خطرات لاحق ہیں۔پریس کانفرنس کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی، ٹیکسوں میں ریلیف، خام مال کی قیمتوں میں استحکام اور چھوٹی صنعتوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے ۔

 انہوں نے کہا کہ پاور لومز انڈسٹری کی بحالی کے لیے مؤثر اور مستقل صنعتی پالیسی مرتب کرنا ناگزیر ہے تاکہ بند صنعتی یونٹس دوبارہ فعال ہوں، برآمدات کو سہارا ملے اور مزدوروں کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔صنعتی و مزدور رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو صنعتوں کو مزید نقصان پہنچنے اور بے روزگاری میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر صنعتوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو باقی ماندہ پاور لومز اور دیگر صنعتی یونٹس بھی احتجاجاً بند کرکے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...