ٹوبہ : یوتھ گیمز کیلئے 25 ہزار سے زائد نوجوانوں کی رجسٹریشن
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر حاکم خان کی زیر صدارت اجلاس ،تیاریوں کاجائزہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026-27 کے انعقاد اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ضلع میں یوتھ گیمز کے لیے اب تک 25 ہزار سے زائد نوجوانوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے ، جبکہ رجسٹریشن کا عمل 5 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔یوتھ گیمز کی تیاریوں، رجسٹریشن اور مختلف مراحل میں مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر حاکم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد جمیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، دیگر متعلقہ افسران اور نجی سکولوں و کالجوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد جمیل نے انتظامات، رجسٹریشن اور آئندہ مراحل کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں سے وابستہ نوجوانوں کے علاوہ دیگر نوجوان بھی اوپن کیٹیگری کے تحت یوتھ گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد ٹرائلز اور تربیت کا مرحلہ 11 نومبر سے 5 دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ سکولوں اور اوپن کیٹیگری کے یونین کونسل کی سطح کے مقابلے 10 سے 22 دسمبر تک منعقد ہوں گے ۔تحصیل کی سطح کے مقابلے 4 سے 7 جنوری 2027 تک، جبکہ سکول، کالج اور اوپن کیٹیگری کے ضلعی مقابلے 11 سے 14 جنوری 2027 تک ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments