ٹوبہ :ڈپٹی کمشنر کا گرلز ہائی سکول ناگرہ اور سڑک کی تعمیر کا معائنہ
تدریسی معیار میں بہتری اور طالبات کو سازگار ماحول فراہم کرنے پرزور
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں کی نگرانی، معیاری تعلیم کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 351 گ ب ناگرہ کا دورہ کیا اور تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ اور طالبات کی حاضری چیک کی اور طالبات سے نصابی سرگرمیوں، تدریسی عمل اور تعلیمی سہولیات کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی باقاعدہ حاضری، تدریسی معیار میں بہتری اور طالبات کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ناگرہ کے مقام پر ایم تھری سے ایم فور تک سڑک کو دو رویہ بنانے کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی او ہائی وے مدثر شاہ نے منصوبے پر پیش رفت اور تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہباز چوک اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کی جانب تعمیراتی کام مرحلہ وار شروع کیا جائے۔ تاکہ مختلف مقامات پر بیک وقت کام ہونے سے شہریوں کو ٹریفک اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments