سیکرٹری لائیو سٹاک کا شورکوٹ کا دورہ، ویٹرنری سہولیات کا جائزہ
مویشی پال حضرات کو معیاری طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) سیکرٹری لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ احمد عزیز تارڑ نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر نعیم کنور کے ہمراہ شورکوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک شورکوٹ کے دفتر، سول ویٹرنری ہسپتال شورکوٹ اور سول ویٹرنری ڈسپنسری بدھ راجبانہ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک جھنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک شورکوٹ نے وفد کو ویٹرنری خدمات، محکمانہ سرگرمیوں اور وزیراعلیٰ پنجاب کی لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ سکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ادویات اور ویکسین کی دستیابی، بیماریوں کی روک تھام، عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی، ریکارڈ اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الٹراساؤنڈ کی سہولت کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ویٹرنری خدمات میں بہتری، حکومتی سکیموں پر مؤثر عمل درآمد اور مویشی پال حضرات کو معیاری طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments