اٹھارہ ہزاری :پیشہ ور گداگر بڑھ گئے ، شہریوں کوتشویش

اٹھارہ ہزاری :پیشہ ور گداگر بڑھ گئے ، شہریوں کوتشویش

گداگری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے :شہری

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) شہر کے مختلف بازاروں، چوراہوں، گلی محلوں اور تجارتی مراکز میں دوسرے اضلاع اور دور دراز علاقوں سے آنے والے پیشہ ور گداگروں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں اور تاجروں کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صبح سویرے ہی مختلف مقامات پر گداگروں کے گروہ سرگرم ہو جاتے ہیں اور صدقہ، خیرات، بیماری، غربت اور دیگر مجبوریوں کا حوالہ دے کر شہریوں سے رقم طلب کرتے ہیں۔ شہریوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات متعدد گداگر ایک ساتھ شہریوں کو گھیر لیتے ہیں، جس سے خریداری کے لیے آنے والے افراد کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ہجوم کے باعث جیب تراشی اور نقدی یا پرس چوری ہونے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔تاجروں کے مطابق بازاروں میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ تجارتی ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کی مستقل رہائش اور شناخت سے متعلق معلومات واضح نہیں ہوتیں، جس کے باعث کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ان کی شناخت کرنا مشکل ہو سکتا ہے ۔اہل علاقہ، تاجروں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور گداگری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے ، مشکوک افراد کی قانون کے مطابق جانچ پڑتال کی جائے اور بازاروں میں گشت و نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے ، تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ بازاروں کا ماحول بھی بہتر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...